ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہلیال : بی جے پی حکومت کی ہدایت پر شہر میں ہنگامہ ہوا ہے ؛ آر وی دیشپانڈے کا الزام 

ہلیال : بی جے پی حکومت کی ہدایت پر شہر میں ہنگامہ ہوا ہے ؛ آر وی دیشپانڈے کا الزام 

Sun, 12 Feb 2023 12:26:53    S.O. News Service

ہلیال، 12 / فروری (ایس او نیوز) جمعہ کے دن ہلیال شہر میں ٹی ایم سی اور ہندو مذہبی گروپ کے بیچ جو ہنگامہ اور تصادم ہوا تھا  اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے رکن اسمبلی اور سینئر کانگریسی لیڈر آر وی دیشپانڈے نے کہا کہ اس کے لئے بی جے پی حکومت کی طرف سے ہدایات ملی ہونگی ۔ 
    
پریس کانفرنس   میں خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر دیشپانڈے نے کہا  کہ ہلیال میں جہاں تمام باشندے امن و امان کے ساتھ جی رہے ہیں وہاں کچھ لوگ سیاسی مفادات کے لئے بدامنی پھیلانے پر آمادہ ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرام دیوی دیوستھان کی جگہ پر ٹی ایم سی کی طرف سے کی جا رہے تعمیر ی کام کے خلاف بند منانے کی اپیل کے بارے میں جب مجھے معلوم ہوا تو میں نے کسی قسم کے جھگڑے اور فساد کے بغیر اس مسئلہ کو حل کرنے کی ہدایت ٹی ایم سی صدر اور متعلقہ افسران کو دی تھی ۔ مگر اچانک چند لوگوں نے قانون ہاتھ میں لے کر جے سی بی کے ذریعہ انٹرلاکس  اکھاڑنے اور وہاں جھنڈا نصب کرنے کی جو کارروائی کی ہے اور پولیس افسران ، تحصیلدار ، چیف آفیسر وغیرہ جس طرح خاموش تماشائی بنے رہے اور   منھ دیکھتے کھڑے رہے  اس کا مطلب یہ ہے کہ شاید بی جے پی حکومت  کی طرف سے ہی انہیں حکم ملا ہوگا۔

دیشپانڈے نے کہا کہ بی جے پی کاونسلر سنتوش گھٹکامبلے نے ہی پوجا کے ساتھ اس تعمیری کام کا آغاز کیا تھا ۔ اگر انٹرلاکس بچھانے کے کام میں شریک رہنے والے خود بی جے پی کے کاونسلر اگر انٹرلاکس ہٹانا چاہتے تھے تو اس پر ٹی ایم سی کی جنرل باڈی میں  میٹنگ  میں بحث کرکے اسے ہٹایا جا سکتا تھا ۔ اس سے کوئی مسئلہ بھی پیدا نہ ہوتا ۔ لیکن الیکشن قریب آنے کی وجہ سے سیاسی مفاد کے لئے بعض افراد ایسی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ ریاست اور ضلع میں ہندو مسلم بھائی چارگی کے ساتھ جی رہے ہیں ۔ مگر کچھ لوگ الیکشن میں فائدہ اٹھانے کی نیت سے اس بھائی چارگی میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں ۔ کچھ تنظیمیں ماحول کو پراگندہ کرنا چاہتی ہیں ۔ عوام اسے قبول نہیں کریں گے ۔ بند کے دوران فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کی کوشش کی گئی ۔ حکومت کو اس سلسلے میں مداخلت کرنا چاہیے تھا ۔ مگر پولیس نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے ۔ متعلقہ افسران اپنے سامنے ہوئے ایسے غیر قانونی کام کے خلاف کارروائی نہیں کر رہے ہیں ۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ لوگ غفلت کی نیند سو رہے ہیں ۔ انہوں نےکہا کہ اس واقعہ سے میرے دل کو بہت تکلیف پہنچی ہے ۔ افسران کو ایسی غیر  قانونی کارروائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدام کرنا چاہیے ۔
    
انہوں نے سوال کیا کہ گرام دیوی ٹرسٹ کی طرف سے  جو جھنڈا اس مقام پر لگایا گیا ہے وہ کونسا جھنڈا ہے ۔ کیا واقعی وہ گرام دیوی کا جھنڈا ہے ؟ دیشپانڈے کے مطابق جھنڈا لہرانے کی کارروائی اور احتجاجی مظاہرے سے ان لوگوں کا خفیہ ایجنڈا ظاہر ہوگیا ہے ۔ اس سے شہر کے وقار اور شان پر دھبّہ لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک رکن اسمبلی کی حیثیت سے اس بدبختانہ واقعہ کے لئے انتظامیہ کی جانب سے عوام سے معذرت خواہ ہوں ۔ 
    
پریس کانفرنس میں ٹی ایم سی کے نائب صدر سوورنا مادار، سابق ضلع پنچایت صدر کرشنا پاٹل،  کے پی سی سی رکن سبھاس کورویکر، ٹی ایم سی کاونسلر سریش وگرائی، شنکر بیلگاونکر، انیل چوہان، سابق ٹی ایم سی صدر اومیش بولشیٹی  وغیرہ موجود تھے ۔ 


Share: